کراچی میں تیز بارش، نشیبی علاقے زیر آب، گاڑیاں خراب، کئی علاقوں میں بجلی بند

کراچی کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آئے، ٹریفک جام ہوا اور کئی گاڑیاں خراب ہوئیں۔ بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کلفٹن، ڈیفنس، صدر، ہاکس بے، لیاری، گلشن اقبال، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا میں بادل جم کر برسے۔

گلستان جوہر، منگھو پیر، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، اسکیم 33، منگھو پیر، تیسر ٹاؤن اور سرجانی سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

گلشن معمار، بحریہ ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چلیں جبکہ آئی آئی چندریگر روڈ، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ پر بارش کا پانی جمع ہونے سے گاڑیاں بند ہوگئیں۔

سول اسپتال کے میڈیکل وارڈ نمبر 3 میں بارش کا پانی داخل ہونے سے مریض پریشان ہوگئے۔

دوسری طرف بارش کا پانی جناح اسپتال کے گائنی وارڈ کے آپریشن تھیٹر میں داخل ہوا۔

ادھر ڈیفنس ویو میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ سندھ اسمبلی اور گورنر ہاؤس کے اطراف بھی بارش کا پانی جمع ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بلوچستان کی ساحلی پٹی سے بادل کراچی میں داخل ہوئے، بارش کا سلسلہ آدھے گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے کراچی کے مضافات میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔