کینیڈا میں فری لانس ڈیجیٹل ورکرز کو وزٹ ویزے پر کام کرنے کی اجازت

کینیڈا نے فری لانس ڈیجیٹل ورکرز کو وزٹ ویزا پر کام کرنے کی اجازت دے دی۔ کینیڈین حکومت نے ڈیجیٹل نومیڈ ویزا پروگرام شروع کردیا۔

دی امیگریشن ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا نے اعلان کیا ہے کہ جو غیرملکی وزٹ ویزا پر کینیڈا آکر فری لانسر کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں وہ ملازمت ملنے پر ورک پرمٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل نومیڈ ورکرز کو کینیڈا میں داخل ہوکر 6 ماہ تک فری لانسر کی حیثیت سے یا پھر کسی بین الاقوامی آجر کیلئے کام کرنے کیلئے آئندہ صرف وزٹ ویزا درکار ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا میں داخل ہونیوالے ڈیجیٹل ورکرز کیلئے اضافی دستاویزات کا حامل ہونے کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے تاہم ڈیجیٹل ورکرز کے اہلخانہ اور دیگر رشتہ داروں کو کینیڈا آنے اور آباد ہونے کیلئے باضابطہ ورک پرمٹ یا مستقل رہائش کا اسٹیٹس لینا پڑے گا۔