Ballot Boxes

عام انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم کی سمری جاری، 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز قائم ہونگے

ملک بھر میں 8 فروری کو ہونیوالے عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 2 لاکھ 76 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم ہوں گے۔

عام انتخابات 2024ء کیلئے ملک بھر میں پولنگ اسکیم کی سمری جاری کردی گئی، مجموعی طور پر 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، غیر مستقل عمارات میں 522 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے۔

رپورٹ کے مطابق مردوں کے 25 ہزار 320 اور خواتین کے 23 ہزار 950 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 41 ہزار 405 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 50 ہزار 944 پولنگ اسٹیشنز، 35 پولنگ اسٹیشنز غیرمستقل عمارات میں قائم ہوں گے، مردوں کے 14 ہزار 556، خواتین کے 14 ہزار 36 پولنگ اسٹیشنز اور 22 ہزار 352 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز بھی قائم کئے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں 19 ہزار 6 پولنگ اسٹیشنز میں 344 غیرمستقل عمارات میں قائم کئے گئے، مردوں کے 4 ہزار439 اور خواتین کے 4 ہزار 308 پولنگ اسٹیشنز جبکہ 10 ہزار 259 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہوں گے۔

ای سی پی کے مطابق خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 697 پولنگ اسٹیشنز، 73 غیرمستقل عمارات میں قائم کئے جارہے ہیں، ان میں مردوں کے 4 ہزار 814 اور خواتین کے 4 ہزار 289 پولنگ اسٹیشنز ہوں گے جبکہ صوبہ بھر میں 6 ہزار 594 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جارہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 5 ہزار 28 پولنگ اسٹیشنز، 70 غیرمستقل عمارات میں قائم ہوں گے، مردوں کے ایک ہزار 511 اور خواتین کے ایک ہزار 317 پولنگ اسٹیشنز کے ساتھ 2 ہزار 200 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 2 لاکھ 76 ہزار 402 پولنگ بوتھ میں مردوں کے ایک لاکھ 47 ہزار 560، خواتین کے ایک لاکھ 27 ہزار 842 قائم کئے گئے ہیں، پنجاب میں ایک لاکھ 49 ہزار 434، سندھ میں 65 ہزار 5، خیبرپختونخوا میں 47 ہزار 81 اور بلوچستان میں 14 ہزار 882 پولنگ بوتھ قائم ہوں گے۔