خیبر پختونخوا میں موسم سرما کی پہلی برف باری

پشاور: خیبر پختونخوا میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے جس کے باعث کالام، چترال، مالم جبہ، ناران، کاغان اور گلیات سمیت دیگر بالائی علاقے سفید چادر میں چھپ گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ تین روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان ٹورازم اتھارٹی محمد سعد کے مطابق برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا، سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹورازم پولیس کے نوجوان تعینات کیے گئے ہیں۔

سیاح برف باری والے مقامات پر جانے سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیاحتی مقامات پر موجودہ صورتحال سے آگاہ رہنے کے لیے سیاح ٹورازم ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کر سکتے ہیں جوکہ 24گھنٹے فعال ہے۔

ترجمان کے مطابق برف باری والے مقامات پر جانے والے سیاح گاڑیوں میں چین کا استعمال کریں، دوران سفر پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ کے دوران احتیاط کریں۔