امن و امان برقرار رکھنے کےلیے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

عام انتخابات 2024 کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ لائسنسی و غیر لائسنسی اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد ہوگی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے فوری نفاذ کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے جلوسوں اور انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی سمیت سیاسی گروپوں کے جھگڑوں کے خدشات ہیں۔ جن کے پیش نظر 12 فروری تک پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ۔

صوبے بھر میں انتخابات کے دوران لائسنسی وغیرلائسنسی اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد ہو گی ۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مقدمات کا اندراج اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب لاہور پولیس نے بھی عام انتخابات کے لیے سکیورٹی پلان بھی تشکیل دیدیا- جس کے مطابق تیس ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ 4 ہزار خواتین پولیس اہلکار بھی سکیورٹی پر مامور ہوں گی ۔

انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج اور رینجرز اہلکار تعینات کیے جائیں گے، سربراہ لاہور پولیس نے الیکشن ڈے پراسپیشل پولیس ٹیمیں تشکیل دیکر نگرانی کی ہدایات بھی جاری کردی۔