Islamabad Police

دہشت گردوں کے حملوں کا خدشہ، اسلام آباد میں چار جامعات بند

اسلام آباد: سیکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد کی چار یونیورسٹیز کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا۔

سیکیورٹی اداروں نے اسلام آباد میں کچھ تعلیمی اداروں پر حملوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اس حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس کے بعد حملوں اور سیکیورٹی خدشات کے سبب چار جامعات کو بند کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے نواح میں رات گئے سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن بھی کیے ہیں تاہم ان میں کسی کو گرفتار کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے اطلاعات سامنے نہیں آسکیں۔

تھریٹ الرٹ میں کالعدم تنظیم کی جانب سے جامعات پر حملوں بشمول خودکش حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان جامعات میں قائد اعظم یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، ائیر یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی شامل ہیں جنہیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کیا گیا ہے اور طالب علموں کو اس حوالے سے رات گئے آگاہ کیا گیا ہے۔

فی الوقت کچھ نہیں بتایا گیا کہ ان جامعات کو طالب علموں کے لیے کب کھولا جائے گا امکان ہے کہ کئی روز تک یہ جامعات بند رہیں گی۔