PML

کیا ہم نے کہا تھا آرمی چیف کی تعیناتی پر راولپنڈی انسانوں کا سیلاب لاؤ؟ رانا ثنا کی عمران پر تنقید

مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا ہم نے کہا تھا آرمی چیف کی تعیناتی پر راولپنڈی میں انسانوں کا سیلاب لے آؤ؟۔

اتوار کو فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انتظار کرنے پر کارکنوں سے معذرت خواہ ہوں، آج کا اجلاس ن لیگ کی انتخابی مہم میں بنیادی کردار ادا کرے گا، فیصل آباد میں کامیابی کیلئے بھی اہم ثابت ہوگا، جلسے کے انتظام پر جمعیت اہلحدیث کا شکر گزار ہوں، مرکزی جمعیت اہلحدیث نے ہمیشہ ڈسپلن کی پاسداری کی، ہمارے کارکنوں نے بھی احتجاج کے بعد ڈسپلن کا راستہ اپنایا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک کے بعض حلقوں میں 20 سے 25 امیدوار بھی سامنے آئے ہیں، یہ تعلق ، محبت اور پیار قائم رہے گا، بھرپور کوشش ہوگی کسی کو ناراض نہ کریں، ن لیگ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ساتھ حکومت بنائے گی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 2013 میں 20،20 گھنٹے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی تھی، لوگ کہتے تھے سوات میں دہشتگرد آگئے ، اسلام آباد بھی آجائیں گے لیکن ہم نے دہشتگردی کا قلع قمع کیا اور لوڈشیڈنگ پربھی قابو پایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بننے کیلئے اڑان بھرنے والا تھا لیکن سازش کے ذریعے ایک شخص کو ملک پر مسلط کر دیا گیا، اس نے اسمبلی میں پہلے خطاب میں کہا اپوزیشن کو نہیں چھوڑوں گا، اس شخص نے کہا اپوزیشن کو ختم کر کے چھوڑوں گا۔

انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھائے کہ کیا پنجاب اور کے پی کے حکومت ہمارے کہنے پر توڑی؟، لانگ مارچ ، شارٹ مارچ ، دھرنا ، احتجاج کس کے کہنے پر کرتے رہے؟۔