PML

پتوکی میں مسلم لیگ ن نے آزاد امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا

پتوکی: پنجاب کے علاقے پتوکی میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے پی پی 183 پر کھڑے ہونے والے آزاد امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 120 میں معروف سیاسی شخصیت اعجاز ڈیال نے ن لیگ کے قومی اور صوبائی اسمبلی کیلیے ن لیگ کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا جبکہ ن لیگ نے پتوکی کے حلقہ پی پی 183 پر کھڑے ہونے والے سابق صوبائی وزیر و آزاد امیدوار سردار آصف کی حمایت کا اعلان کیا۔

صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 183 پر کھڑے ہونے والے آزاد امیدوار اور سابق صوبائی وزیر سردار محمد آصف نے حمایت پر لیگی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کبھی تھانہ کچہری کی سیاست نہیں کی، رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوکر عوامی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھوں گا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے حلقہ میں بے شمار ترقیاتی کام کروائے اور دل سے عوام کی خدمت کی۔

قبل ازیں لاہور کی معروف سیاسی شخصیت اعجاز ڈیال نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اور لاہور کے قومی و صوبائی حلقوں میں کھڑے ہونے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا یقین دلایا۔

اعجاز ڈیال نے مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی کے امیدوار سردار ایاز صادق ، صوبائی اسمبلی کے امیدوارسہیل شوکت بٹ اور حبیب اعوان کی حمایت کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے اعجاز ڈیال کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔