K Electric

کے الیکٹرک کو مزید 20 سال کیلئے بجلی تقسیم کا لائسنس جاری

کے الیکٹرک کو شہر قائد میں بجلی تقسیم کا نیا لائسنس جاری کردیا گیا۔ نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک کے عبوری لائسنس کی مدت آج پوری ہورہی تھی۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنیوالی کمپنی کے الیکٹرک کو نیا لائسنس جاری کردیا گیا۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ کے الیکڑک کو 20 سال کیلئے لائسنس جاری کیا گیا ہے، کے الیکٹرک کو بجلی تقسیم کا لائسنس 18 جنوری 2044ء تک قابل عمل رہے گا۔

نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق کے الیکٹرک کے عبوری لائسنس کی مدت آج (جمعہ 19 جنوری کو) پوری ہورہی تھی۔

اس سے قبل کے الیکٹرک کے لائسنس کی 20 سالہ مدت 20 جولائی 2023ء کو ختم ہوئی تھی، نیپرا نے کمپنی کے لائسنس میں 6 ماہ کی عبوری توسیع کی تھی۔

نیپرا نے کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید کی درخواست پر سماعت کی تھی، نیپرا اتھارٹی نے 28 نومبر کو سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید پر 17 اعتراضات عائد کئے تھے جبکہ شہریوں کی جانب سے بھی نیپرا سے رابطہ کیا گیا تھا، جس میں کے الیکٹرک کی جانب سے ناقص سروس اور اضافی چارجز کی شکایات کی گئی تھیں۔