Pak Iran

پاک ایران کشیدگی، چین کی ثالثی کی پیشکش

پاکستان اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر چین کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کی گئی ہے۔

کراچی میں چین کے قونصل جنرل یانگ یوڈونگ نے ’جیو نیوز‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان اور ایران خطے اور مسلم دینا کے اہم ممالک ہیں، امید ہے کہ پاک ایران اختلافات بات چیت سے حل کیے جا سکتے ہیں۔

یانگ یوڈونگ کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ پاک ایران تعلقات پُرامن طریقوں سے حل کیے جا سکتے ہیں، ہم دونوں ملکوں سے کہتے ہیں کہ وہ اختلافات پر تحمل کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور عالمی اقدار کے مطابق آگے بڑھائیں۔

چین کے قونصل جنرل کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین اپنے اچھے دوست پاکستان اور اچھے دوست ایران سے کہتا ہے ہم دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔

واضح رہے کہ پیر کے روز ایرانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے۔