ایک صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہ رہے ہیں ، ان کے پاس کوئی منشور نہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ تیر سے شیر کا شکار کر کے اس کا راستہ روکیں گے، چوتھی بار وزیرِ اعظم بننے نہیں دیں گے۔

بدین میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر میں جدوجہد کر رہی ہے کہ 8 فروری کو عوام کی حکومت بنے، چاہتے ہیں کہ ملک میں عوامی راج قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو الیکشن لڑ رہی ہے، مہم چلا رہی ہے، ایک صاحب چوتھی بار وزیرِ اعظم بننا چاہ رہے ہیں، ان کے پاس کوئی منشور نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم عوام کی طاقت پر اور وہ سازشوں پر یقین رکھتے ہیں، جو نفرت، تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں وہ پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، انہیں غریب عوام کی کوئی فکر نہیں، صرف چوتھی بار وزیرِ اعظم بننے کی فکر ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جب بھی یہ شخص آپ پر مسلط کیا گیا نقصان پاکستان کے عوام کا ہوا، یہ وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے، الیکشن میں صرف ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا دس نکاتی ایجنڈا معاشی مسائل کا حل ہے، حکومت ملی تو غریب عوام کو 3 سو یونٹ تک مفت بجلی دوں گا، 20 لاکھ پکے گھر سیلاب متاثرین کے لیے بنا رہے ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ میں اضافہ اور غریبوں کو بلا سود قرضے دلوائیں گے، حکومت میں آئے تو کسانوں کو ہاری کارڈ دیں گے، ہاری کارڈ سے کسان کی فصل کی انشورنس ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ دیں گے انہیں روزگار اور تعلیم دلوائیں گے، پنجاب میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو اسلام آباد میں بیٹھ کر عوامی فیصلے کریں گے۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت بننے کے بعد بدین کے لیے یونیورسٹی بنائیں گے، کوشش ہوگی کہ ہر ڈسٹرکٹ میں ایک یونیورسٹی بنائیں، ہر جگہ مفت علاج کے لیے اسپتال بنانا چاہتے ہیں، جتنی سیٹیں آپ مجھے دلوائیں گے اتنی تندہی کے ساتھ آپ کے لیے کام کروں گا، عوام کی طاقت سے جیالے کو کراچی اور حیدرآباد کا میئر بنایا ہے، بھاری اکثریت دلوائیں تو آپ کو دکھاؤں گا کہ کیسے کیا کیا کام کیا جاسکتا ہے۔