مقامی ٹریکٹرز کی پیداوار میں غیرمعمولی اضافہ

رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران مقامی سطح پر زرعی ٹریکٹرز کی پیداوار میں 67.51 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 2023ء میں مقامی سطح پر 23 ہزار 610 ٹریکٹرز تیار کئے گئے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 14 ہزار 94 یونٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔

پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچررزایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مقامی سطح پر تیار ٹریکٹرز کی گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کی مذکورہ مدت میں فروخت میں بھی 103.34 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

پاما کی رپورٹ کے مطابق میسی فرگوسن نے گزشتہ سال کے 7 ہزار 403 ٹریکٹرز کے مقابلے میں رواں مالی سال کے 6 ماہ کے دوران 15 ہزار 258 ٹریکٹرز تیار کئے، جو جولائی تا دسمبر 2022ء کے مقابلے میں 105.35 فیصد زائد ہیں۔

اسی طرح مذکورہ کمپنی کے ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی 139.62 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، جو گزشتہ سال کے 6 ہزار 301 یونٹس کے مقابلے میں 15 ہزار 99 یونٹس رہی۔

پاما کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں فیاٹ نے پچھلے سال کے 6 ہزار 664 یونٹس کی نسبت 25.33 فیصد زائد 8 ہزار 325 یونٹس تیار کئے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں ربیع سیزن میں فصلوں کی کاشت کا ہدف 22.21 ملین ایکڑ تھا تاہم کاشتکاروں کی جانب سے رواں سیزن میں 22.81 ملین ایکڑ زمین پر فصلیں کاشت کی گئیں۔