Ballot Boxes

عام انتخابات تین ماہ تک ملتوی کرانے کیلیے سینیٹ میں ایک اور قرارداد جمع

اسلام آباد: عام انتخابات کو سیکیورٹی چیلنجز کے سبب تین ماہ تک ملتوی کرانے کے لیے سینیٹ میں قرارداد جمع کرادی گئی۔

الیکشن 2024ء کے التوا سے متعلق یہ قرارداد آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہدایت اللہ نے سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرائی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری کی تعمیل کے مراحل کے حوالے سے انتخابی امیدواروں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات میں مسلسل اضافے پر یہ ایوان گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں دہشت گردی اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات جن میں بشمول شمالی وزیرستان، باجوڑ، صوابی اور تربت میں مسلح حملے ہوئے جس کے نتیجے میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے انتخاب لڑنے والے ایک بزرگ قوم پرست سیاست دان شدید زخمی بھی ہوئے اور ایک امیدوار جاں بحق ہوئے۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ان واقعات کی وجہ سے ملک بھر میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا ہو گیا ہے، امیدواروں کی رہائش گاہوں اور انتخابی مہم کے دفاتر میں دھمکیوں والے پمفلٹس کی تقسیم موجودہ سیکورٹی چیلنجوں میں ایک اور پریشان کن حد تک اضافہ سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے۔