رویت ہلال کمیٹی نے ماہ رجب کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا

لاہور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں رجب المرجب 1445 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق رجب المرجب کے چاند کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبد الخبیر کی زیر صدارت لاہور زونل آفس میں ہوا جبکہ کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

رویت ہلال کمیٹی کی معاونت کیلیے محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین بھی شامل تھے۔

رجب کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد چیئرمین مولانا عبدالخبیر نے ملک بھر میں چاند نظر آنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ 13 جنوری 2024 کو ملک بھر میں یکم رجب ہوگی۔

واضح رہے کہ رجب اسلامی سال کا 7واں مہینہ ہے جس کے آغاز کے بعد سے ماہ رمضان میں صرف دو ماہ باقی ہیں۔