پولیس کو سائبر کرائمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کا اختیار مل گیا

اسلام آباد پولیس کو سائبر کرائمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کا اختیار مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں پہلے سائبر کرائم انوسٹی گیشن یونٹ 15 جنوری سے فعال ہوجائے گا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ضلعی پولیس کو یہ اختیار دیا گیا ہے۔

پیکا ایکٹ کی ترمیم کے بعد سیکشن 30 کے تحت اسلام آباد پولیس مقدمات درج کرے گی، پولیس سائبر کرائم کی تفتیش میں ایف آئی اے کی تکنیکی معاونت حاصل کرے گی۔

اسلام آباد پولیس کے 60 افسران کی ایف آئی اے کے تعاون سے تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، سائبر کرائم تفتیشی یونٹ کے افسران سی پی او سیف سٹی کے ماتحت ہوں گے۔ سائبر کرائم کے مقدمات کے اندراج کے لیے درخواست کسی بھی تھانے میں دی جاسکتی ہے۔