گڈزٹرانسپورٹرز کا مغوی ڈرائیوروں کی بازیابی کیلیے48 گھنٹے کا الٹی میٹم

کراچی: گڈزٹرانسپورٹرز نے ڈرائیوروں کے اغوا اورپرتشدد کارروائیوں کی روک تھام کے لیے حکومت کو48گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا۔

ٹرک اڈہ ہاکس بے روڈ پرمشترکہ پریس کانفرنس کے دوران گڈزکیریئرایسوسی ایشن کے صدر نورخان نیازی کا دیگررہنماؤں کے ہمراہ کہنا تھا کہ ملک کے کچھ حصوں بالخصوص اندرون سندھ وبلوچستان میں گاڑیوں کے اغوا،ڈکیتیوں کی وارداتوں میں روزبروزاضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرڈرائیورگاڑی نہ روکے تواس پرسیدھا فائرکیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ڈرائیوروں کی جانیں محفوظ نہیں ہیں اورگاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچ جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کی 7 تاریخ کو کشمورمیں ٹرکوں کے پہیوں پرگولیوں کا برسٹ مارا گیا، اور 9 ڈرائیوروں کو گاڑیوں سے اتارکراغوا کیا گیا،قیمتی جانوں کو لاحق خطرات کے علاوہ گولیوں سے ناکارہ ہونے والے ٹائروں کی وجہ سےٹرانسپورٹرزکو2کروڑروپے کا نقصان ہوا۔