اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد نتائج سے زیادہ اہم ہے، انتخابات جمہوری اصولوں کے مطابق کرائے جائیں جو اثر و رسوخ اور جبر سے پاک ہوں اور تمام جماعتوں کو مساوی مواقع ملیں۔
سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی لیول پلینگ فیلڈ کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابی پروگرام میں خلل ڈالے بغیر الیکشن کمیشن شکایات دور کرے، دیانت داری سے منصفانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ منصفانہ انتخابات منتخب حکومت کو قانونی حیثیت فراہم کرتے ہیں، شفاف انتخابات جمہوری عمل پر عوام کا اعتماد برقرار رکھتے ہیں، صحت مند مقابلے کے لیے برابری کا میدان ضروری ہے، انتخابات جبری کے بجائے عوام کی رضا کے حقیقی عکاس ہونے چاہییں۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد نتائج سے زیادہ اہم ہے الیکشن کمیشن جمہوری عمل میں میں اہم کردار ادا کرتا ہے، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے انتخابات کو بدعنوانی سے بچائے، آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت تمام ایگزیکٹو اتھارٹیز الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات جمہوری اصولوں کے مطابق کرائے جائیں جو اثر و رسوخ اور جبر سے پاک ہوں، الیکشن کمیشن یقینی بنائے تمام جماعتوں کو انتخابی عمل میں مساوی موقع ملے، جمہوریت کی کامیابی کے لیے ووٹرز کو انتخابی عمل پر اعتماد ہونا چاہیے۔