Election Commission

این اے 234 پر سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے

الیکشن 2024ء کےلیے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 234 پر سب سے زیادہ کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے۔

ریٹرننگ آفیسر (آر او) نے این اے 234 کورنگی پر 27 امیدواروں کے نامزدگی فارم مسترد کیے۔

اس نشست پر 33 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، آر او نے صرف 6 امیدواروں کے نامزدگی فارم منظور کیے۔

این اے 234 کے لیے فارم 32 جاری کردیا گیا، اس نشست پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے۔

این اے 234 کورنگی سے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے فہیم خان، پی پی کے محمد علی راشد اور ایم کیو ایم کے صادق افتخار کے فارم مسترد ہوئے۔

اس نشست سے مسلم لیگ (ن) کے سلیم ضیاء کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں۔