ملک میں 2023ء کے دوران سونے کی قیمت میں 35900 روپے کا اضافہ ہوا

کراچی: رواں سال ملک میں سونے کی قیمت 35 ہزار 900 روپے بڑھ گئی جب کہ بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت میں 264 ڈالر کا اضافہ ہوا۔

بین الاقوامی سطح پر فی اونس سونے کی قیمت میں 14.52 فی صد جب کہ پاکستان میں 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 19.50فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 2023ء کے دوران عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں 264 ڈالر اضافہ ہونے سے سال کا اختتام 2082 ڈالر فی اونس پر ہوا۔

دریں اثنا 2023ء میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر 35900روپے کے اضافے سے 220000روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت 30779روپے کے اضافے سے 188615روپے ہوگئی۔

سونے کی مقامی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں ملک کو درپیش زرمبادلہ کے بحران، اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رحجان اور معیشت کی سنگین صورتحال کی وجہ سے غیریقینی کیفیت شامل رہی۔

ڈالر کی نسبت روپے کی گھٹتی ہوئی قدر کو دیکھتے ہوئے لوگوں نے اپنے سرمائے کی قدر کو محفوظ بنانے کی غرض سے سونے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جس سے سونے کی قیمتوں میں اندھادھند اضافے کا رحجان غالب رہا۔

سال 2023 کے دوران 10اکتوبر کو سونے کی کم ترین عالمی قیمت 1822ڈالر فی اونس اور مقامی فی تولہ قیمت 188400روپے رہی جب کہ 28دسمبر کو سونے کی بلند ترین عالمی قیمت 2105ڈالر فی اونس اور مقامی فی تولہ قیمت 222800روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔