Bijli

توانائی کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے 4 سو ارب روپے دینے کا فیصلہ

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پر عملدرآمد کے طور پر توانائی کا گردشی قرضہ کم کرنے کے لیے 4 سو ارب روپے دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق 4 سو ارب روپے میں سے حکومتی پاور پلانٹس کو 140 اور کے الیکٹرک کو 57 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال کے اختتام تک گردشی قرضے میں 4 سو ارب کمی آئی ایم ایف بینچ مارک میں ہے، جون 2024ء تک گورنمنٹ پاور پلانٹس کو 260 ارب اور کے الیکٹرک کو 140 ارب روپے دینے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 197 ارب روپے میں سے 70 ارب حکومتی پاور پلانٹس سے قرض واپس لیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزارتِ خزانہ کی ہدایات پر توانائی شعبے کے گردشی قرضے میں 2 سو ارب روپے کمی کی جائے گی۔