PTI Flag

عمران خان کسی کے ہمدرد نہیں ایک ڈکٹیٹر ہیں، پرویز خٹک

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان لوگوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، وہ کسی کا ہمدرد نہیں، ایک ڈکٹیٹر ہے، وفاق میں عمران خان نہیں اعظم خان حکومت چلاتے تھے، ان کی کوئی رٹ نہیں تھی، انہوں نے گرفتاری کی صورت میں فوج پر حملے کیلئے الگ ٹیم بنا رکھی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے انتخابی مہم کے دوران اپنے خطاب میں کہا ہے کہ 60 سے 70 فیصد حلقوں پر ہمارے امیدوار آگئے، کچھ دوست آزاد بھی الیکشن لڑ رہے ہیں، امید ہے صوبے کے 80 فیصد حلقوں پر ہمارے امیدوار الیکشن لڑیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میری پارٹی کو بنے 3 ماہ ہوئے ہیں، پوری توجہ خیبرپختونخوا پر دی، الیکشن کے بعد موقع ملا تو پنجاب اور سندھ میں بھی توجہ دیں گے، کے پی میں کسی کو نہیں روکا گیا، سب نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی سے پارٹی نشان کسی نے چھینا نہیں ان کے اپنے کرتوت ہیں، انٹرا پارٹی انتخابات درست نہیں کرائے گئے، پی ٹی آئی میں 2011ء میں الیکشن ہوا، اس الیکشن پراسیس میں 6 ماہ لگے تھے، اس بار انتخابات جعلی تھے، الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کے ساتھ ظلم کیا، پوچھا جائے ہمارا ملک آگے کیوں نہیں گیا، نئے پاکستان میں 4 سال کے دوران مجھے کچھ نظر نہیں آیا، اچھا بھلا ملک تھا اس کو بھی بگاڑ دیا گیا، بانی پی ٹی آئی پشاور بی آر ٹی بنانے کیخلاف تھے، مجھے کہا بی آر ٹی مت بناؤ۔

سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج وکلاء کو استعمال کررہے ہیں، وہ لوگوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، وہ کسی کا ہمدرد نہیں ایک ڈکٹیٹر ہے، وفاق میں بانی پی ٹی آئی نہیں اعظم خان حکومت چلاتے تھے، افسران، چیف سیکریٹریز کی تعیناتی اعظم خان کرتے تھے، بانی پی ٹی آئی کو میں نے کہا تھا آپ کی تو رٹ ہی ختم ہے، چند پوائنٹس کی تقریر میں لوگوں کے دماغ میں جھوٹ سچ ڈالنے کو کہا جاتا تھا، یہی بانی پی ٹی آئی نے کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اس ملک کی تباہی ہے، عمران خان نے فوج کے خلاف انقلاب شروع کیا، ہمیں نہیں بتایا گیا کہ جس دن گرفتار ہوا تو آپ نے حملہ کرنا ہے، فوج پر حملے کیلئے بانی پی ٹی آئی نے ایک الگ ٹیم بنائی ہوئی تھی۔