سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر کے گیراج میں دھماکا

سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کےگھر کے گیراج میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے سے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، کریکر دھماکا ہے، معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے اہل خانہ محفوظ ہیں، پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے، آئی جی پنجاب نے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

انسپکٹر جنرل ( آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔