Election Commission of Pakistan

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع، انتخابی ضابطہ اخلاق بھی جاری

اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ آج سے شروع ہوگیا ہے۔

الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصولی بھی جاری ہے اور جن امیدواروں نے کل کاغذات وصول کیے تھے انہوں نے آج انہیں پُر کرکے جمع کرانا شروع کردیا ہے۔

حلقہ این اے 49 اٹک ون سے پہلےامیدوارنے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔ سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم نے آزاد حیثیت سے کاغذات آراو کےآفس میں جمع کروائے۔

امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے این اے 6 دیرلوئر کے لیے آر او دفترسےکاغذات نامزدگی حاصل کر لئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت نے کراچی کے حلقہ این اے 242 سے شہباز شریف کے لیے نامزدگی فارم حاصل کرلیا ہے۔ ایم کیو ایم کے مصطفی کمال نے بھی این اے 242 سےکاغذات جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔

کاغذات نامزدگی کا اجرا اور وصولی 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔

خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لیے بھی کاغذات نامزدگی کا اجرا اور وصولی جاری ہے۔ مخصوص نشستوں کیلئے سیاسی جماعتیں ترجیحی لسٹ 22 دسمبر تک جمع کرواسکتی ہیں۔