Israeli Tank

نیتن یاہو کا اسرائیلی فوج کو غزہ پر پوری طاقت سے دوبارہ حملوں کا حکم

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے صیہونی فوج کو غزہ پر پوری شدت سے دوبارہ حملے شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے دوبارہ جنگ شروع کررہے ہیں۔ تمام یرغمالیوں کی رہائی اور حماس کے خاتمے تک لڑائی جاری رکھیں گے۔

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ہم نے ڈیل تک پہنچنے کیلئے مذاکرات کے کئی دور کیے تاہم اب موساد کے مذاکرات کاروں کو قطر سے واپس بلالیا گیا ہے۔

قبل ازیں حماس نے اعلان کیا تھا کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے تک اسرائیل کے ساتھ مزید قیدیوں کا تبادلہ نہیں ہوگا۔

حماس کے نائب سربراہ صالح العروری نے الجزیرہ کو بتایا کہ انکے پاس اسرائیلی یرغمالیوں میں اب خواتین اور بچے نہیں بلکہ صرف فوجی یا فوج میں کام کرنے کرنے والے سویلین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کے بدلے میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی لاشوں کا تبادلہ کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ہمیں ان لاشوں کو نکالنے کے لیے وقت درکار ہوگا۔