انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ یا دیگر سینئر افسران سے تعلق یا جعلی رشتے داریاں گانٹھ کر پولیس افسران کو مرعوب کرنے والوں کے خلاف سرکلر جاری کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں مذکورہ مراسلہ اے آئی جی آپریشن سندھ شیراز نذیر نے جاری کیا۔
اس میں صوبے کے تمام ایڈیشنل آئی جیز، تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو مخاطب کرکے بتایا گیا کہ بعض افراد پولیس افسران سے بلاجواز تعاون حاصل کرنے کےلیے پولیس کے دفاتر یا تھانوں کے دورے کرتے ہوئے آئی جی سندھ یا دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ اپنے تعلقات کا حوالہ دیتے دیکھے جاتے ہیں۔
مراسلہ کے مطابق بیشتر افراد آئی جی سندھ اور دیگر افسران کے ساتھ اپنے تعلق کے دعوے کی تصدیق کرنے کےلیے سیلفیز یا تصاویر کا استعمال کرتے ہیں تاکہ متعلقہ افسران کو متاثر یا گمراہ کرکے کسی خاص معاملے میں توجہ اور حمایت حاصل کی جاسکے۔
مراسلہ میں آئی جی سندھ کی جانب سے سندھ پولیس کے تمام عہدوں کے افسران کو ایسے حالات کا سامنا کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور جعلی شناخت ظاہر کرنے والے ایسے افراد کے ساتھ کسی قسم کا بےجا تعاون نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔