لندن، پیرس میں ہزاروں افراد کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، جنگ روکنے کا مطالبہ

لندن میں فلسطین کی حمایت میں مارچ کے دوران لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے .

برطانوی میڈیا کے مطابق مارچ میں 5لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی جبکہ مارچ کے منتظمین نے بتایا کہ نیشنل مارچ فار فلسطین نامی ریلی میں 10لاکھ افراد نے شرکت کی ،ریلی میں یہودیوں، عیسائیوں اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی .

برطانیہ اور فرانس کے دارالحکومت فلسطین کی آزادی اور غزہ میں جنگ بندی کے مطالبوں کے نعروں سے گونج اٹھے۔فلسطین کے حامیوں نے غزہ جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا.

،لندن کے احتجاج سے آزاد فلسطین، اب جنگ بندی کرو اور اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے، کے نعرے بلند ہوئے۔جبکہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہزاروں افراد نےمظاہرہ کیا، مظاہرین غزہ میں قتل عام بند کرو کے نعرے لگارہے تھے۔

بائیں بازو کے منتظمین نے فرانس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرے۔اپنے کندھوں پر فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے انجینئر اہلم تریکی نے کہا کہ میں غزہ میں جنگ بندی کے لیے فلسطینی کاز کی حمایت کرنے آئی ہوں۔85 سالہ ٹریڈ یونینسٹ کلاڈ مارل نے کہا کہ یہ بنیادی بات ہے کہ ایک کارکن یا عام شہری کے طور پر آپ کو فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔