9Th May Black Day

سانحہ 9 مئی، عمران خان اور شاہ محمود کا تفتیش میں پولیس کے ساتھ تعاون سے انکار

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے نو مئی واقعات کی تفتیش میں پولیس کے ساتھ تعاون سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نو مئی واقعات کی تفتیش کیلیے فیصل آباد سمیت تین اضلاع کی تفتیشی ٹیمیں عمران خان سے پوچھ گچھ کیلیے اڈیالہ جیل پہنچیں۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے 3 اضلاع کی تفتیشی ٹیموں سے تعاون کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ وکلا کی موجودگی میں ہی شامل تفتیش ہوں گے۔

چئیرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں قصور، راولپنڈی اور فیصل آباد کی پولیس نے 9 مئی واقعات کے حوالے سے تفتیش کی کوشش کی جبکہ شاہ محمود قریشی سے بھی نو مئی واقعات کے حوالے سے تفتیش کی گئی۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی پولیس سے تفتیش میں تعاون سے انکار کردیا اور اپنے وکلا کی موجودگی میں سوالات کا جواب دینے کا کہہ دیا۔

راولپنڈی،فیصل آباد اور قصور پولیس کی ٹیمیں تفتیش کے بعد جیل سے واپس روانہ ہو گئیں۔

عمران خان کیخلاف سانحہ نو مئی کے حوالے سے تین اضلاع میں 13 مقدمات درج ہیں جن کی تفتیش کیلیے تفتیشی ٹیمیں اجازت ملنے کے بعد اڈیالہ جیل پہنچیں تھیں۔ تینوں اضلاع کی پولیس کو الگ الگ تفتیش کا موقع دیا گیا۔