KPK Peshawar Gate

خیبرپختونخوا: مالی بحران سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے مالی بحران سے نمٹنے کےلیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے 25 فیصد کٹوتی کی سفارشات تیار کرلی گئیں۔ اس حوالے سے سمری نگراں وزیراعلیٰ کو بھیجی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق تنخواہوں سے کٹوتی کا فیصلہ فنانس ڈپارٹمنٹ میں اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کو درپیش مالی بحران کاجائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صوبے کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا، مالی بحران کو کنٹرول کرنے کے لیے 3 آپشنز استعمال کرنے پر زور دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دوران اجلاس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ واپس لینے کی تجویز بھی زیر غور آئی، اس اقدام سے ماہانہ 9 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق دوسرے آپشن میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے 25 فیصد کٹوتی کی تجویز سامنے آئی، جس سے ماہانہ 8 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کے ایگزیکٹیو، ہیلتھ پروفیشنل اور دیگر الاؤنسز ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی، جس سے صوبائی حکومت کو ماہانہ 2 ارب کی بچت ہوگی۔

دوران اجلاس صوبے کے ایم ٹی آئی اسپتالوں میں سخت مالیاتی نظم و ضبط قائم کرنے کی بھی تجویز دی گئی۔

نگراں وزیراطلاعات خیبر پختونخوا فیروز جمال شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ صوبے میں مالی بحران کے خاتمے کے لیے مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔