Israeli Bombing

اسرائیل کا ایندھن کی اجازت دینے سے صاف انکار، غزہ کے اسپتال آج بند ہوجائیں گے

اسرائیل نے غزہ میں ایندھن لے جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا، اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایندھن نہیں ملا تو غزہ کے اسپتال آج بند ہوجائیں گے۔

فلسطینی وزارت صحت نے غزہ میں صحت کا نظام مکمل غیر فعال ہونے کا بتا دیا۔ اقوام متحدہ نے بھی خبردار کیا ہوا تھا کہ اگر ایندھن نہ ملا تو غزہ کے اسپتال آج بند ہو جائیں گے لیکن اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور کہا کہ حماس سے تیل مانگیں، ان کے پاس ذخیرہ ہے۔

اسرائیل نے 17 روز سے غزہ میں بجلی، پانی اور ایندھن کی فراہمی روک رکھی ہے، غزہ پر اسرائیلی فوج نے مسلسل 19ویں روز بھی غزہ کے محصور لوگوں کو بموں کے نشانے پر رکھا، بمباری کرکے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 344 معصوم بچوں سمیت مزید 756 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے 900 بچوں سمیت 1600 لاپتا افراد کی اطلاع ملی ہے، خدشہ ہے لاپتا افرا تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔

7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے فلسطینی شہداء کی تعداد ساڑھے 6 ہزار سے تجاوز کر گئی جن میں 2 ہزار 700 سے زیادہ بچے شامل ہیں، زخمیوں کی تعداد 17 ہزار سے زیادہ ہے۔

مسجد اقصیٰ میں بھی اسرائیلی فوج کی اشتعال انگیزی جاری ہے، سخت سیکیورٹی میں درجنوں اسرائیلی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کروائی گئی۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے ایران پر حماس کی مدد کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران غزہ میں انٹیلی جنس تبادلے کے ذریعے حماس کو مدد فراہم کر رہا ہے۔

روس اور امریکا کی تجاویز پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں ووٹنگ آج ہوگی، امریکا نے اسرائیل حماس جنگ کے دوران غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے وقفے جبکہ روس نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔