پرتشدد واقعات میں ملوث تمام ملزمان کا ٹرائل جیل میں کرنے کا فیصلہ

نگراں پنجاب حکومت نے 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد واقعات میں ملوث تمام ملزمان کا ٹرائل جیل میں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب جو جیل ٹرائل سے متعلق سمری بھجوائی تھی، جس کی منظوری دیدی گئی۔ جیل ٹرائل منظوری سیکشن 21 کی ذیلی شق ٹو بی انسداد دہشتگردی ایکٹ 1999 کے تحت دی گئی۔

یاد رہے کہ 9 مئی کو مختلف اضلاع میں 35 کیسز درج کئے گئے تھے۔ مقدمات لاہور، راولپنڈی، اٹک، سرگودھا اور فیصل آباد میں درج کئےگئے۔ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا اور فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالتیں جیل ٹرائل کریں گی۔

واضح رہے کہ مہینے ہفتے نگران پنجاب حکومت نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث رہنماؤں اور کارکنان کے جیل میں ٹرائل کا حکم دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور تقریباً روزانہ کی بنیاد پر ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں پیش کرنے میں پریشانی سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔