Minar e Pakistan

عوام کو دیکھ کرسارے دکھ بھول گیا مگروالدہ اوراہلیہ کا زخم کبھی بھرنہیں سکتا، نوازشریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے مینار پاکستان میں منعقد ہونے والے تاریخی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سے کئی سالوں بعد ملاقات ہوئی مگر آپ سے محبت کا رشتہ ختم نہیں ہوا، آپ کی آنکھوں اور چہروں پر نظر آنے والا خلوص ہی میرا ناز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے درمیان یہ رشتہ کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، نواز شریف نے آپ کو اور آپ نے نواز شریف کو کبھی دھوکا نہیں دیا، جب بھی موقع ملا بہت خلوص سے محنت کی اور جب بھی موقع ملا پاکستان کے مسائل حل کیے۔ جیلوں میں مجھے ڈالا گیا، ملک بدر کیا گیا، جعلی کیسز میرے، شہباز اور مریم نواز سمیت پارٹی قائدین کے خلاف بنائے گئے، لیکن ن لیگ کا جھنڈا کسی نے اپنے ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔

نواز شریف نے کہا کہ ’کون ہے جو آپ کو اور ہمیں جدا کردیتا ہے، ہم نے تو پاکستان کی خدمت کی اور ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، لوڈ شیڈنگ ختم کی اور لوگ بجلی سے محروم تھے، نواز شریف نے بجلی مہنگی نہیں کی بلکہ سستے داموں عوام تک پہنچایا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’عوام کو اتنی بڑی تعداد میں دیکھ کر اپنے سارے دکھ اور درد بھول گیا اور انہیں یاد بھی نہیں کرنا چاہتا، کچھ دکھ درد ایسے ہوتے ہیں جنہیں انسان بھلا نہیں سکتا، کچھ زخم ایسے ہوتے ہیں جو کبھی نہیں بھرتے، مال دولت تو واپس آجاتا ہے مگر جو پیارے بچھڑتے ہیں وہ واپس نہیں آتے‘۔

نواز شریف نے کہا کہ ’میری والدہ اور اہلیہ سیاست کی نظر ہوگئے، وہ مجھے دوبارہ نہیں ملیں گے اور یہ ایسا زخم ہے جو کبھی بھرے گا نہیں، میں اپنے والد، والدہ کو قبر میں نہیں اتار سکتا، مجھے اپنی بیوی کی جیل میں خبر دی گئی، میں نے جیل سپرنڈنٹ سے بار بار اپیل کی کہ میری لندن میں بیٹوں سے بات کروا دو مگر نہیں کروائی گئی جبکہ اُس کے پاس موبائل اور لینڈ لائن فون بھی تھا، مگر جیلر نے انکار کیا اور کہا کہ ہمیں اجازت نہیں ہے، ڈھائی گھنٹے کے بعد جیلر کے ماتحت بندے نے مجھے آکر خبر دی کہ کلثوم اب اللہ کو پیاری ہوگئی ہے اور اب ہم مریم کو اطلاع دیں گے‘۔

لیگی قائد نے کہا کہ ’میں نے انہیں مریم کو اطلاع دینے سے روکا اور کہا کہ یا تو مجھے لے کر چلو یا پھر اُسے میرے پاس لاؤ، ہمارا سیل قریب ہونے کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں تھی، جب مریم کو والدہ کے انتقال کا بتایا تو وہ بے ہوش ہوئی اور پھر گلے لگ کر زار و قطار رونے لگی‘۔

نواز شریف نے کہا کہ ’میں نے سوچا کہ یہ ہمارا ملک ہے، اسی مٹی سے پیدا ہوا ہوں اور پاکستان کی محبت بھی میرے سینے میں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’وزارت خارجہ میں سارا ریکارڈ موجود ہوگا کہ امریکا نے ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلیے پانچ ارب ڈالر کی پیش کش کی تھی مگر میں نے اُسے ٹھکرا دیا تھا اور آج ہم ایک ارب ڈالر کی بھیک مانگ رہے ہیں، نواز شریف کو امریکا کے سامنے ڈٹ جانے کی سزا دی گئی اور حکومت سے نکالا گیا کیونکہ نواز شریف وطن کی مٹی سے بنا سچا پاکستانی ہے جو اصولوں پر ڈٹ جاتا ہے‘۔

اس موقع پر نواز شریف نے بجلی، ڈالر، پیٹرول اور روٹی کی قیمت کا اپنے دورِ حکومت سے موازنہ کیا اور سوال کیا کہ مجھے اس لیے نکالا تھا کہ ہم نے روٹی چار روپے کی رکھی، پیٹرول اور ڈالر کی قیمتیں بڑھنے نہیں دیں، ملک ترقی کی جانب گامزن تھا مگر یہ کسی کو اچھی نہیں لگ رہی تھی‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پہلی بار وزیراعظم بننے کے بعد جو منصوبے شروع کیے اگر اُن پر کام ہوتا تو ملک میں کوئی غریب نہیں ہوتا اور ہر شخص اپنے بچوں کو اچھی پڑھائی، علاج کی سہولیات دے سکتا تھا جبکہ آج حالات اتنے مشکل ہوگئے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف مینار پاکستان میں منعقد ہونے والے جلسے کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، نواز شریف سمیت دیگر مرکزی پارٹی قائدین اسٹیج پر موجود ہیں۔اس سے قبل وہ دبئی سے اسلام آباد اور پھر لاہور پہنچے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف متحدہ عرب امارات سے اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے اپنی قانونی ٹیم سے ملاقات کی اور پھر بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور روانہ ہوئے۔ شاہی قلعے پر نواز شریف کا استقبال پارٹی رہنماؤں نے کیا۔

مسلم لیگ (ن) نے اپنے قائد میاں نواز شریف کی چار سال بعد وطن واپسی کی خوشی میں مینار پاکستان پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا۔

جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے ن لیگ کے رہنما اپنے اپنے حلقوں سے کارکنوں کا جلوس لے کر پنڈال میں پہنچ رہے ہیں۔ لاہور سمیت مینار پاکستان گراؤنڈ کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا گیا۔

جلسے میں مریم نواز سمیت متعدد اہم رہنما پہنچے، جب کہ پارٹی قائد نواز شریف بھی اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے جہاں شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا، بعدازاں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے شاہی قلعہ پہنچے آج کے جلسے سے نواز شریف اہم خطاب کریں گے۔

مریم نواز اسٹیج پر نواز شریف کا ہیلی کاپٹر دیکھ جذباتی ہوئیں اور اُن کی آنکھوں سے اشک بھی نکل پڑے۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے مختصر تقریر کی جس میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اللہ نے عزت دی اور آج وہ پورے عزت و وقار سے واپس آرہے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے اسٹیج پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے فلسطینی پرچم بھی لہرایا۔

نواز شریف کی جلسہ گاہ آمد نواز شریف گاڑیوں کے قافلے میں جلسہ گاہ پہنچے اور جیسے ہی اسٹیج پر آئے پنڈال نعروں تالیوں سے گونج اٹھا جبکہ اس موقع پر شاندار آتشبازی بھی کی گئی۔ جلسے کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔

بعد ازاں کشمیر اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور دونوں علاقوں سے بھارتی و اسرائیلی فوج کے فوری انخلا کی قرارداد بھی پیش کی گئی۔

اس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مختصر تقریر کی اور نواز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف آگیا ہے، اب پاکستان کی تقدیر بدلے گی اور بے روزگاری ختم ہوگی‘۔

ایمرجنسی کے لیے فیلڈ اسپتال کا قیام

حکومت پنجاب کی جانب سے مینار پاکستان جلسے کے شرکا کے لیے دو فیلڈ اسپتال بھی قائم کیے گئے، 2 بڑے کنٹینرز میں بنائے گئے فیلڈ اسپتال گیٹ نمبر 4 کے باہر کھڑے کیے گئے ہیں ، جہاں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل کا عملہ موجود ہونے کے ساتھ ادویات کی وافر مقدار بھی موجود ہے۔

مینار پاکستان میں چھوٹے طیارے سے پنڈال میں پھول پھینکے جا رہے ہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیکیورٹی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔