نواز شریف دبئی سے خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان کے لیے روانہ

مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف دبئی سے خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف دبئی سے غیر ملکی ائرلائن کی خصوصی چارٹرڈ فلائٹ ایف زیڈ 4525کے ذریعے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے۔ اس پرواز کو ’امید پاکستان‘ کا نام دیا گیا ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق نواز شریف کی پرواز دوپہر ساڑھے 12 بجے اسلام آباد ائرپورٹ پر لینڈ کرے گی، جس کے بعد سابق وزیراعظم سمیت طیارے میں موجود تمام مسافروں کی امیگریشن کا عمل ائرپورٹ پر طیارے کے اندر ہی کیا جائے گا۔

اس دوران تمام مسافر جن میں صحافی اور پارٹی رہنما بھی شامل ہیں، طیارے کے اندر ہی موجود رہیں گے اور بعد ازاں دوپہر ڈیڑھ بجے اسلام آباد سے لاہور کے لیے یہ پرواز اُڑان بھرے گی۔ خصوصی پرواز میں 194 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

نواز شریف کا طیارہ دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ کرے گا، جسے اولڈ ٹرمینل یا حج ٹرمینل پر لایا جائے گا، جہاں ان کا استقبال پارٹی کی سینئر قیادت کرے گی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی کے عام کارکنوں اور رہنماؤں کو ائرپورٹ کی جانب جانے سے پہلے ہی منع کردیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا وطن واپس پہنچنے پر ممکنہ طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے جاتی امرا جانے کا امکان ہے، جہاں وہ اپنے والدین، اہلیہ اور بھائی کی قبروں پر حاضری دیں گے۔ 2 سے 3 گھنٹے جاتی امرا میں قیام کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے نواز شریف مینار پاکستان جلسے میں شرکت کے لیے پہنچیں گے۔

ممکنہ طور پر نواز شریف شام 6 بجے کے بعد جلسہ گاہ پہنچیں گے اور اس سے پہلے تک دیگر مرکزی رہنماؤں کی تقاریر مکمل ہو چکی ہوں گی۔

نواز شریف کی آمد پر 10 سے زائد منٹ تک آتشبا زی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے وطن واپس پہنچنے پر مینار پاکستان گراؤنڈ جلسے میں شرکت کے لیے پارٹی کے کارکنان ملک بھر سے لاہور کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں لاہور سمیت مینار پاکستان گراؤنڈ کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔

لیگی رہنماؤں نے اس حوالے سے مینار پاکستان میں جمعے کی شب ایک جلسے کا انعقاد کیا تھا، جس میں مریم نواز اور حمزہ شہباز نے بھی شرکت کرکے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی تھی۔