سانحہ الاحلی اسپتال پر ترکی اور اردن میں 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان

انقرہ: سانحہ الاحلی اسپتال پر ترکی اور اردن نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کردیا۔

غزہ کے الاحلی اسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں 500 افراد کی شہادت کے بعد دنیا بھر میں شدید غم و غصہ ہے اور صیہونی فوج کے بھیانک و انسانیت سوز جنگی جرم کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔

مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک میں بدھ کو دوسرے روز بھی شدید احتجاج کیا گیا۔ لبنان، اردن، یمن، مصر، تیونس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں ہزاروں افراد غزہ کے شہریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

اردن کے دارالحکومت عمان میں ہزاروں افراد امریکی اور اسرائیلی سفارت خانوں کے باہر جمع ہوئے۔ ملک میں اسلامی جماعتوں نے عام ہڑتال کی جبکہ اردن کی حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ترکی نے بھی فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کردیا۔

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں مظاہرین کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے امریکی سفارت خانے کے قریب مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا۔

تیونس کے دارالحکومت میں فرانسیسی سفارت خانے کے باہر احتجاج کیا گیا۔ قاہرہ، اسکندریہ اور مصر کے دیگر شہروں میں طلباء نے اسرائیل کے فضائی حملوں کی مذمت کے لیے یونیورسٹیوں میں ریلیاں نکالیں اور نعرے لگائے۔