وزیراعظم کی کینیا کے صدر سے ملاقات، ارشد شریف کیس کی تحقیقات میں تعاون مانگ لیا

بیجنگ: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کینیا کے صدر پر زور دیا ہے کہ وہ معروف صحافی ارشد شریف قتل کی جے آئی ٹی رپورٹ مکمل کرنے میں سہولت فراہم کریں۔

نگراں وزیراعظم نے بیجنگ میں چینی صدر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی جس میں انوار الحق کاکڑ نے کینیا کے صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی گفتگو کی۔

وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے ملاقات میں صحافی ارشد شریف کے قتل کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ جلد مکمل کرنے میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔

نگران وزیرِ اعظم نے کینیا کے صدر ڈاکٹر ولیم روٹو سے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ملاقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگوکی۔

دونوں رہنماوٴں نے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور لوگوں کے روابط کے حوالے سے تعاون بڑھانے پربھی اتفاق کیا جبکہ ڈاکٹر ولیم روٹو نے پاکستان کے زرعی اور صحت کے شعبے میں تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کینیا کے صدر کو جلد پاکستان جبکہ کینیا کے صدر نے وزیرِ اعظم کو کینیا کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے دونوں رہنماوٴں نے قبول کر لیا۔ اس موقع پر نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بھی موجود تھے۔