Hamas Update

اسرائیل ہمارے مجاہدین کا مقابلہ نہیں کرسکتا، حماس ترجمان

یروشلم / کراچی: فلسطین کی مزاحمت کار تنظیم حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج میں ہم سے لڑنے کی طاقت نہیں، آپریش الاقصیٰ فلڈ میں متعدد صیہونی فوجیوں اور شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔

ایک نجی اخباری ذرائع ایکسپریس نیوز کے پروگرام ایکسپریسو میں گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی نے بتایا کہ ’ہمارے مجاہدین نے دشمنوں کو حیران کردیا، اسرائیلی فوج کے جنرلز اور سیکڑوں فوجی ہمارے قبضے میں ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل حماس کے مجاہدین کا سامنا نہیں کرسکتا اسلیے وہ معصوم فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ غزہ میں صورت حال بہت خراب ہے وہاں بجلی اور طبی سہولیات کو اسرائیل نے معطل کردیا ہے۔

ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ چار ہزار سے زائد فلسطینی اس وقت اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جن میں بارہ سال سے کم عمر بچے اور لڑکیاں بھی شامل ہیں جبکہ کئی ایسے لوگ بھی ہیں جو 25 ، 25 سال سے قید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل خود 75 سال سے دہشت گردی کی حمایت اور ترویج کرتے ہیں، اس لیے یہ حماس کا شدت پسند تنظیم داعش سے موازانہ کررے ہیں۔ اسرائیل کا سالانہ فوجی بجٹ پچاس ارب ڈالرز ہے اور ان کے پاس پانچ لاکھ سے زائد ریزو فوجی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ حماس کی جانب سے چھ روز قبل اچانک الاقصیٰ فلڈ آپریشن کا آغاز کیا گیا، جس کے تحت حماس کے مسلح جنگجو زمینی، فضائی راستے سے اسرائیلی علاقوں میں داخل ہوئے اور انہوں نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں 1300 اسرائیلی ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے جن کی حالت تشویشناک ہے۔

حماس کے جنگجوؤں نے متعدد اسرائیلی شہریوں، فوجیوں اور جرنلیز کو بھی یرغمال بنایا اور پھر انہیں اپنے محفوظ ٹھکانے پر منتقل کردیا گیا ہے۔

الاقصیٰ فلڈ آپریشن کے بعد اسرائیل نے غزہ اور فلسطین کے مغربی علاقوں میں فضائی کارروائی کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں غزہ شہر کو ملبے کا ڈھیر بند گیا ہے، اسرائیلی فورسز نے پانچ روز میں 6 ہزار سے زائد راکٹس داغے ہیں جن میں معصوم بچوں سمیت 1537 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اسرائیل نے غزہ میں پانی، بجلی اور خوراک کی ترسیل کو مکمل بند کردیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے فضائی کارروائیاں جاری بھی ہیں۔

اُدھر اسرائیلی فورسز نے گیارہ لاکھ غزہ کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کی مہلت دی ہے۔