ISPR

بلوچستان؛ فائرنگ کے تبادلے میں 4 جوان شہید، ٹی ٹی پی کے 3 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: پاک افغان سرحد کے قریب ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 جوان شہید جبکہ ٹی ٹی پی کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 28 ستمبر کو پونے چھ بجے سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔

دوران آپریشن حوالدار ستار، لانس نائیک شیر اعظم، لانس نائیک عدنان اور سپاہی ندیم نے بہادری سے مقابلہ کیا اور شہادت کو گلے لگا لیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 دہشت گرد بھی جہنم واصل ہوئے جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی ہوئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔