مستونگ؛ 12 ربیع الاول کے جلوس سے قبل دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 6 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

مستونگ میں 12ربیع الاول کے جلوس سے قبل مسجد کے قریب دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق بازار میں ہونےو الے دھماکے میں ابتدائی طور پر متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کے مطابق دھماکا مدینہ مسجد کے قریب ہوا، جہاں لوگ 12ربیع الاول کے جلوس میں شرکت کرنے کے لیے جمع ہورہے تھے۔

دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی مستونگ پولیس بھی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مدینہ مسجد سے جمع ہونے کے بعد لوگوں نے جلوس میں شرکت کرنا تھا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں جہاں سے زخمیوں کو نواب غوث بخش اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق مستونگ کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کے بعد مستونگ کے علاوہ کوئٹہ کے سول اسپتال میں بھی ا یمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اسپتال حکام کے مطابق تمام ڈاکٹرز ، فارماسسٹ ، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایمرجنسی ڈیوٹی پر طلب کرلیے گئے ہیں۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی کے مطابق حکومت بلوچستان کی ہدایت پر ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کردیا گیا ہے ۔ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ میں دھماکا ناقابل برداشت ہے ۔ غیر ملکی آشیرباد سے دشمن بلوچستان میں مذہبی رواداری اور امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے ۔