آنیوالے مہینوں میں مہنگائی برقرار رہے گی، وزارت خزانہ نے خبردار کردیا

وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی، آنے والے مہینوں میں مہنگائی بلند سطح پر برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2023ء میں مہنگائی 29 سے 31 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی بڑی وجہ قرار دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کرائے، اشیائے ضروریہ اور سروسز سیکٹر میں سہولیات مہنگی ہونے کا خدشہ ہے، ڈالر ریٹ میں کمی سے امپورٹڈ مہنگائی میں کمی آئی ہے۔

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ غیرقانونی کرنسی ایکسچینج ڈیلرز اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت ایکشن لیا گیا ہے، ایکسچینج ریٹ میں استحکام پیدا ہورہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، روس یوکرائن جنگ کی وجہ سے چاول اور چینی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔