مالی سال کے پہلے 2 ماہ تجارتی خسارے میں 40 فیصد کمی

اسلام آباد: ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے 2ماہ میں سالانہ بنیادوں پر40 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں پاکستان کے تجارتی خسارے کاحجم 3.763 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.302 ارب ڈالرتھا، اگست میں ملکی تجارتی خسارہ کاحجم 2.126 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو جولائی کے مقابلہ میں 30 فیصدزیادہ اورگزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 40 فیصدکم ہے، جولائی میں ملک کا تجارتی خسارہ 1.637 ارب ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 3.571 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔

رواں مالی سال کے پہلے دوماہ میں ملکی برآمدات کاحجم 4.431 ارب ڈالر کے ساتھ گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصدکم رہا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات کا حجم 4.733 ارب ڈالر تھا۔ اگست میں ملکی برآمدات کاحجم 2.363 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوجولائی میں 2.068 ارب ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 2.483 ارب ڈالرتھا۔

رواں مالی سال کے پہلے دوماہ میں ملکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر26 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں ملکی درآمدات کاحجم 8.194 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 11.035 ارب ڈالرتھا۔