LPG

پیٹرول کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی؛ 39 روپے فی کلو اضافہ

اسلام آباد: نگراں حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے کے بڑے اضافے کے بعد ایل پی جی کے گھریلو سلینڈر کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کردیا۔

ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 38 روپے 97 پیسے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد فی کلو قیمت 201 روپے 15 پیسے سے بڑھ کر 240 روپے 12 پیسے ہوگئی۔

ایل بی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد 11 عشاریہ 8 کلو گرام سلینڈر کی قیمت میں 459 روپے 85 پیسے اضافہ ہوگیا جب کہ 11.8 کلو گرام گھریلو سلینڈر کی قیمت 2373 روپے اور 64 پیسے سے بڑھ کر 2833 روپے اور 49 پیسے ہوگئی۔
اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

گزشتہ روز ہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا تھا جب کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ مرغی کا گوشت، چینی تو ایک طرف دالیں اور سبزیاں بھی عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔