Dollar

ڈالر کی اُڑان جاری، اوپن مارکیٹ میں 326 روپے کی بلند ترین سطح پر

کراچی: ڈالر کی قدر میں روپے کے مقابلے میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جمعہ کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے ایک چھلانگ لگاتے ہوئے 326 روپے کی نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر 07 پیسے کمی سے 305 روپے 46 پیسے کی سطح پر آئی تاہم بعد میں کمی بیشی کا رجحان جاری رہا اور دوپہر تک 27 پیسے اضافے کے ساتھ 305 روپے 80 پیسے کی سطح پر آ گیا۔

دریں اثنا اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے آج بھی چھلانگ لگائی اور 3 روپے کے اضافے سے ڈالر 326 روپے کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی سے کاروبار کا آغاز ہوا اور 14 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 44988 پوائنٹس کی سطح پر آ گئے۔ بعد ازاں پہلے سیشن کے اختتام تک پی ایس ایکس میں 23 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 100 انڈیکس بڑھ کر 45026 پوائنٹس کی سطح پر آ گئے۔