پاک امریکا تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے پاک امریکا سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا۔

جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا۔ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گیسٹ آ ف آنر کی حیثیت سے پروگرام میں شرکت کی۔

اپنے خیر مقدمی خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے تقریب میں شرکت پر سیکریٹری خارجہ اور پاکستان میں امریکا کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یادگاری سکے کا اجرا دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ اسک کا ڈیزائن اس با ت کی افادیت کو اجاگر کرتا ہے کہ کس طرح آزاد اقوام اپنے عوام کی ترقی کے لیے ساتھ مل کر کام کرتی ہیں۔

انہوں نے دونوں اقوام کے درمیان تجارت، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری، فنانس اور ترسیلات زر کے شعبوں میں اہم معاشی تعلقات پر روشنی ڈالی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی خصوصاً، تعلیم میں افراد کے روابط کو سراہا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان میں فن ٹیک کے شعبے میں ترقی کے امکانات اور اس کی معاونت کے لیے اسٹیٹ بینک کے متعدد اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکہ کی فن ٹیک فرمیں اس ابھرتے ہوئے کاروبار میں سرمایہ کاری کریں گی۔

سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے خوب صورت یادگاری سکے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سکے پر موجود پاکستان اور امریکا کی قومی علامتیں دونوں ممالک کی جمہوری بنیادوں کو اجاگر کرتی ہیں۔ سیکریٹری خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان میں ایک نئی گرمجوشی لانے پر امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی کوششوں کا اعتراف کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری، دفاع، انسداد دہشت گردی، تعلیم، توانائی، ماحول اور صحت کے شعبوں میں کثیر جہتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ پاک امریکا تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ یہ سکہ اس طویل المدتی تعلق سے ہماری وابستگی کی پائیدار علامت رہے گا۔

انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے تاریخی تقریب کے انعقاد پر گورنر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان میں تعینات امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے اپنی تقریر میں کہا کہ یہ سکہ دونوں ملکوں کے مابین مشترکہ اقدار، آدرش اور باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ روشن مستقبل کے لیے ان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے یادگاری سکہ جاری کرنے کے بامقصد اقدام پر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کیا اور حکومت پاکستان کے ساتھ قریبی روابط کی امید ظاہر کی۔

انہوں نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ امریکہ پاکستان گرین الائنس جیسے نئے اقدامات دونوں ملکوں کو اپنے مشترکہ چیلنجوں سے مشترکہ طور پر نمٹنے میں مدد دیں گے۔

سکے کی خصوصیت

یہ سکہ 25 اگست 2023ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے کاؤنٹرز سے جاری کیا جائے گا۔ یہ سکّہ گول ہے جس کے کنارے اُبھرواں ہیں، سکے کا قطر 30ملی میٹر، اور وزن 13.5 گرام ہے، اسے تانبے اور نکل دھات سے بنایا گیا ہے ۔ ڈیزائن کی تفصیلات یہ ہیں:

سامنے کا رُخ

سکّے کے سامنے کی طرف، وسط میں ’حکومت پاکستان کا سرکاری نشان‘ ہے۔ اس نشان کے اوپر سکے کے بالائی نصف دائرے میں انگریزی رسم الخط میںISLAMIC REPUBLIC OF PAKISTAN’‘ تحریر ہے۔

سرکاری نشان کے بائیں اور دائیں طرف بالترتیب ’Rs‘ اورعدد ’75‘ کندہ ہے۔ سرکاری نشان کے نیچے ’1947-2022‘ لکھ کر پاکستان کی آزادی کے سال اور پاک امریکا تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس کے نیچے زیریں نصف دائرے میں اردو رسم الخط میں ’ایمان-اتحاد-نظم‘ تحریر ہے۔

پچھلا رُخ:

سککے کے پچھلی طرف وسط میں ریاست ہائے متحدہ امریکا کا قومی نشان ’گریٹ سِیل‘ بنایا گیا ہے۔ UNITED STATES OF AMERICA کے الفاظ اس قومی نشان کے اوپر کندہ ہیں، جبکہ اس نشان کے نیچے اور بیرونی کنارے پر نچلے حصے میں انگریزی رسم الخط میں ’ ‘75th ANNIVERSARY OF US-PAK RELATIONS تحریر ہے۔

دائروی الفاظ کو ایک دوسرے سے جدا کرنے کے لیے سکے کے دائیں اور بائیں جانب ستارے کندہ ہیں۔ امریکا کے قومی نشان کے نیچے امریکہ کا سالِ آزادی ’1776‘ تحریر ہے۔