3 ماہ مسلسل اور 200 گھنٹے اووَر ٹائم کام کرنے والے ڈاکٹر نے خودکشی کرلی

اوساکا: جاپان میں 100 دن مسلسل کام کرنے اور 200 گھنٹے اووَر ٹائم دینے والے 26 سالہ ڈاکٹر نے ڈپریشن میں آکر خودکشی کرلی۔

جاپانی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر شنگو تاکاشیما کے اہلخانہ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ڈاکٹر شنگو کونن میڈیکل سنٹر کے ہیگاشیناڈا وارڈ میں کام کرتے تھے۔ اتنے طویل عرصے تک کام کرنے کی وجہ سے نیشینومیا لیبر اسٹینڈرڈز انسپیکشن آفس نے ڈاکٹر کو ڈپریشن کا شکار قرار دے دیا تھا۔

اہل خانہ نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے ڈاکٹر کے ڈپریشن کی نشاندہی کے باوجود کونن میڈیکل سینٹر نے ان کی بہبود کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔ اور ڈاکٹر شنگو کی زندگی کو غیر اہم سمجھا گیا۔

اہل خانہ نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر شنگو نے اپریل 2020 میں میڈیکل سینٹر میں ملازمت اختیار کی اور اپریل 2022 سے محکمہ معدے میں میڈیکل اسپیشلسٹ کے طور پر کام کیا۔ وہ ڈاکٹر ٹریننگ کے دوران ہی مریضوں کو دیکھ رہے تھے۔

لیبر اسٹینڈرڈز انسپکشن آفس کے جون 2023 کے فیصلے کے مطابق ڈاکٹر نے اپنی موت سے ایک ماہ قبل 207 گھنٹے اوور ٹائم کام کیا تھا جو دماغی امراض کا سبب بن سکتا ہے اور کارکنوں کی صحت کے قانونی معیار سے کہیں زیادہ تھا۔ ادارے نے نشاندہی کی کہ ڈاکٹر شنگو ایک طبی ماہر بن گئے تھے اور اسے سینئر ڈاکٹروں کی طرح ڈیوٹی سونپی جارہی تھی، رپورٹیں لکھنے اور کانفرنس پریزنٹیشن دینے کی ہدایت دی جاتی تھیں جس کی وجہ سے کام کے اوقات بہت طویل ہوجاتے تھے۔ اور اس طویل ترین تھکا دینے والے اوقات اور بغیر نیند لیے اوقات نے شنگو کے اندر ڈپریشن کو جنم دیا جس کی وجہ سے بالآخر انہوں نے اپنی جان لے لی۔

کیٹاگری میں : صحت