پاکستان کی ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد: پاکستان نے ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے ہونے والے اقدامات کو روکے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دی ہیگ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور اشتعال انگیز اور انتہائی جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس دانستہ اسلامو فوبک عمل سے دنیا بھر کے 2 ارب مسلمانوں کے جذبات کو گہرا ٹھیس پہنچا ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے اقدامات سے پرامن بقائے باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خطرہ ہے، اس قسم کی جارحانہ کارروائیوں کو اظہار رائے اور احتجاج کی جائز آزادی کسی صورت نہیں کہا جاسکتا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی قانون نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد کے لیے اکسانے کی روک تھام اور ممانعت کرنے کا پابند کرتا ہے، آزادی اظہار ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ نسل پرستانہ، غیر انسانی اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر منانے کی منظور کی گئی قرارداد کا مقصد یہی تھا، قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کے تحفظات ہالینڈ کے حکام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھا جائے، نفرت انگیز اور اسلام فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھائے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کام کرے۔