ایل پی جی مافیا نے مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتیں بڑھانے کی تیاری کرلی

لاہور: پاکستان میں ایل پی جی مافیا کو کو لگام ڈالنا حکومت کیلئے چیلنج بن گیا۔

دو ٹرمینلز اور ایل پی جی مافیا کے گٹھ جوڑ نے ملک میں ایل پی جی گیس کی سپلائی کیلئے اجارہ داری قائم کردی۔ ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے من مانی قیمت وصول کی تیاریاں کرلی گئیں۔ سرکاری ٹرمینل ایس ایس جی سی بھی بلیک مارکیٹنگ کا حصہ بن گیا۔

ذرائع کے مطابق ایل پی جی کے 2 جہاز پورٹ قاسم پر موجود ہیں جنہیں گیس اتارنے کی اجازت نہیں دی جا رہی لیکن اسکے باوجود حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
چند روز قبل ایل پی جی کا جہاز الماہ 1 ماہ 20 دن بعد گیس اتارے بغیر ہی روانہ ہو گیا تھا، الماہ جہاز کے پورٹ قاسم رکنے پر کمپنی کو 4 لاکھ 80 ہزار ڈالرز کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے صورتحال سے آگاہی کیلئے نگران وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے جس میں چیئرمین پورٹ قاسم اور چیئرمین اوگرا سے اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔