کنور نوید جمیل انتقال کرگئے، ترجمان ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل کراچی میں انتقال کرگئے۔

ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کنور نوید جمیل کئی ماہ سے برین ہیمرج کا شکار تھے، سابق رکن قومی اسمبلی کئی ماہ سےکوما میں تھے اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

کنور نوید جمیل 15 مارچ 1964 کو پیدا ہوئے، وہ 1990 میں پہلی بار رکن قومی اسمبلی، 2002 میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے، 2005 میں صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دے کر ضلع حیدرآباد کے میئر منتخب ہوئے۔

کنور نوید جمیل 2015 میں دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، 2015 کے ضمنی انتخاب میں عمران اسماعیل کو شکست دی تھی، وہ 2018 میں ایک بار پھر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم و سابق رکن صوبائی اسمبلی کنور نوید جمیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کنور نوید جمیل کے انتقال سے تحریک ایک سینئر اور مخلص ذمہ دار سے محروم ہوگئی جنہوں نے تحریک سے وابستہ رہتے ہوئے تمام صعوبتیں برداشت کیں اور ثابت قدمی کے ساتھ تحریک سے جڑے رہے۔

رہنما ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم کنور نوید جمیل کے اہلخانہ کے غم میں برابر شریک ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی کنور نوید جمیل کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔