ہندوستان سے ادویات منگوانے پر کوئی پابندی نہیں، ڈریپ

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کا کہنا ہے کہ امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے تحت ہندوستان سے ادویات منگوانے پر کوئی پابندی نہیں، کوئی بھی شخص یا اسپتال دنیا بھر بشمول ہندوستان سے ڈریپ کے نو آبجیکشن سرٹیفکٹ (این او سی) کے ذریعے ادویات منگوا سکتا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا ہمایوں مہمند کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے حکام بھی شریک ہوئے۔

قائمہ کمیٹی برائے صحت کی رکن مہر تاج نے کہا کہ سندھ کے ڈاکٹرز نے لکھا ہے کہ کئی اہم انجیکشنز اور دواؤں کی شدید کمی ہے، جس پر ڈریپ حکام نے کہا کہ فہرست فراہم کر دیں، بہت سی دوائیں اور انجیکشنز دستیاب ہیں، وہ مہیا کر دی جائیں گی۔

مہر تاج نے یہ بھی کہا کہ انسانی جان بچانے والی ادویات نہیں مل رہی ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزارت صحت کی جانب سے بلڈ پریشر لازمی چیک کرنے کے حوالے سے بل کی مخالفت بھی کی گئی۔

ڈاکٹروں کی جانب سے بلڈ پریشر لازمی چیک کرنے کا بل ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پیش کیا تھا۔

کیٹاگری میں : صحت