American Congress

امریکی پارلیمنٹ میں اسلام کو عظیم مذہب تسلیم کرنے کیلیے قرارداد جمع

واشنگٹن: امریکی کانگریس میں اسلام کو عظیم مذہب تسلیم کرنے سے متعلق قرارداد ٹیکساس سے منتخب ہونے والے ال گرین نے جمع کرادی جس کی حمایت مسلم خاتون ارکان الہان عمر اور راشدہ طیب سمیت آندرے کارسن نے کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کانگریس میں جمع کرائی گئی قرارداد کے مندرجات میں کہا گیا ہے کہ اس قرار داد کا مقصد امریکی معاشرے میں اسلامی عقیدے کی بہتر تفہیم اور احترام کو فروغ دینا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ قرآن پاک اسلام کے ماننے والوں کی الہامی کتاب ہے جسے مسلمان اپنے رب کی ہدایت پر مشتمل کتاب مانتے ہیں۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلام دنیا کا دوسرا سب سے بڑا اور تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے۔ دنیا میں تقریباً 2 ارب جب کہ امریکا میں 350000 مسلمان ہیں۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلام کے معنی امن اور اللہ کی مرضی کے سامنے سر خم تسلیم کرنا ہے جو اسلام کے بنیادی اصولوں اور مسلم کمیونٹی کے طریقوں اور روایات کا احاطہ کرتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں کانگریس رکن ال گرین کی جمع کرائی گئی قرارداد کی حمایت آندرے کارسن، الہان عمر اور راشدہ طلیب نے کی۔

قرارداد جمع کرانے والے رکن پارلیمنٹ ال گرین نے سابق صدر ٹرمپ کے مسلم ممالک سے امیگریشن پر پابندی کے حکم اور اسلام کو بنیاد پرست عقیدے کے طور پر برانڈ کرنے کے 2015 کے اقدام کی بھی مخالفت کی تھی۔

سویڈن اور ڈنمارک میں بار بار ہونے والی قرآن کی بے حرمتی اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے تناظر میں اس قرارداد کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے جس سے اسلامو فوبیا کے واقعات میں روک تھام بھی ممکن ہوسکے گی۔