Court Hammar

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان پشاور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد مردان جیل سے رہا

پشاور ہائی کورٹ کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی محمد خان کی ضمانت منظور کرنے کے بعد انہیں مردان جیل سے رہا کر دیا گیا۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فضل سبحان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سابق وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کی طرف سے علی زمان اور ندیم شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے علی محمد خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈپٹی کمشنر مردان آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں.

جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ ایک ڈپٹی کمشنر کو عبرت کا نشان بنائیں گے تو پھر غیر قانونی کام کوئی نہیں کرے گا۔

عدالت نے اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر مردان سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے علی محمد خان کو کیوں گرفتار کیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ڈی پی او کی جانب سے ہمیں خط لکھا گیا جس پر ہم نے علی محمد خان کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا۔

جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ کیا آپ اپنی سوچ نہیں رکھتے، کوئی بھی آپ کو بتائے گا اور آپ کیس کریں گے، علی محمد خان دو ماہ سے جیل میں ہیں کس طرح انہوں نے امن و امان کی صورتحال کو خراب کیا۔

عدالت نے سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کو مردان جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔