کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 2.31 روپے فی یونٹ مہنگی

اسلام آباد: کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا گیا ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی مزید مہنگی کردی، جس کے نتیجے میں صارفین پر 4 ارب 30 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

حکام کے مطابق کراچی کے بجلی صارفین کو اگست میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی ۔ یہ اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جب کہ کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا ۔

نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک نے اپنے وسائل سے 24روپے 90 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی ۔ وفاق سے ملنے والی بجلی کی لاگت 11روپے 56 پیسے فی یونٹ رہی ۔